عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے مرکزی چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹیوں پر مشتمل عوامی اسمبلی قائم کی جائے۔
عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے مرکزی چیئرمین اور انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی رہنما احسان علی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا سرمایہ دار حکمران طبقہ کشمیری عوام کی شاندار مزاحمتی تحریک کو کمزور اور سرد کرنے کے لیے جان بوجھ کر مذاکرات کو طول دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت کو مذاکرات میں الجھنے کے بجائے یہ واضح کرنا چاہیے کہ لاکھوں کشمیری عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اس عوامی فیصلے کو تسلیم کرے۔
احسان علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمران طبقے کی تاریخ عوامی فیصلے قبول کرنے سے انکار کی تاریخ ہے، اس لیے کشمیری عوام کے نمائندوں کو مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ عوامی فیصلے کے مطابق جموں و کشمیر میں اسلام آباد کے حکمرانوں کی قائم کردہ "جعلی حکومت” کے بجائے وہ نظام لایا جائے جو براہِ راست عوامی کمیٹیوں کی نمائندگی پر مبنی ہو۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل، ضلع اور شہروں میں موجود عوامی ایکشن کمیٹیوں، مزدوروں کی کمیٹیوں اور خواتین کی کمیٹیوں پر مشتمل ایک عوامی اسمبلی قائم کر کے کشمیری عوامی راج کا اعلان کیا جائے تاکہ خطے میں حقیقی عوامی اقتدار قائم ہو سکے۔
Share this content:


