اسلام آباد میں کشمیری شہریوں پر پولیس کی تشدد

اسلام آباد / کاشگل نیوز

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں نے پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے نکیال، کھڈ گجراں اور گوئی کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں پر مبینہ طور پر بدترین تشدد کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق شاہد، ایاز اور عمیر نامی تین افراد اپنے ایک عزیز کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھوڑ کر واپس جا رہے تھے کہ چونگی نمبر 26 پر لگے ناکہ پر پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا۔ شناختی کارڈ چیک کرنے پر جب پتہ چلا کہ ان کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے تو اہلکار مشتعل ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے تینوں نوجوانوں کو تھانے منتقل کر کے ایک گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس دوران اہلکاروں کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہمارے 75 پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، آپ کشمیر مردہ باد کے نعرے لگائیں۔” تشدد کے بعد نوجوانوں کو چھوڑ دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے اس مبینہ ناروا رویے پر کشمیری شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کر کے ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ کشمیری شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی اور عدم تحفظ کی فضا کا خاتمہ ہو سکے۔

Share this content: