پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایک کارروائی کے دوران فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک میجر سمیت 11 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے اس آپریشن کے حوالے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے اور ان کے علاوہ آپریشن میں ان کے سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت بھی اس کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے ہیں۔ ان دونوں افسران کا تعلق ضلع راولپنڈی سے بتایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن سات اور آٹھ اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا، آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اور سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 19 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔‘
ہلاک ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں میں دو افسران کے علاوہ ایک نائب صوبیدار، دو نائیک، تین لانس نائیک اور تین سپاہی بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’اورکزئی کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
Share this content:


