مظفرآباد /کاشگل نیوز
گزشتہ روز جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) اور وفاقی مصالحتی کمیٹی کے درمیان ایک اہم اجلاس اسلام آباد منعقد ہوا، جس میں حالیہ عوامی مظاہروں سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد منٹس جاری کر دیے گئے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر کو ہدایت کی گئی کہ وہ انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران کو معاہدے کے مطابق تمام نکات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کریں۔
اجلاس کے دوران ہیلتھ کارڈ سے متعلق فیصلہ آئندہ سات دنوں میں کرنے کا عندیہ دیا گیا، جبکہ مرنے والوں اور زخمیوں کے لیے معاوضوں کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
JAAC کی جانب سے متاثرین کی فہرست دو دن کے اندر چیف سیکریٹری کو فراہم کی جائے گی، اور چیف سیکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ دس دنوں کے اندر یہ عمل مکمل کریں۔
مزید برآں، جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس کے معاملے کو بھی وزیر اعظم کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ مسٹر اظہر کی تقرری سے متعلق معاملہ ایک علیحدہ درخواست کے ذریعے چیف سیکریٹری کے ساتھ اٹھایا جائے گا، جس پر چیف سیکریٹری اے جے کے اور مسٹر شوکت میر مشترکہ طور پر عملدرآمد کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں بتایا گیا کہ یو ایس ایف کمپنی کے سی ای او کی تقرری جلد عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے دوران عمل درآمد کمیٹی (ضمیمہ II) کے لیے JAAC کے نو اراکین کی فہرست بھی پیش کی گئی، جن میں سے تین اراکین کسی بھی وقت کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کر سکیں گے۔
دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ کمیٹی کا اگلا اجلاس 15 نومبر 2025ء کو مظفرآباد میں منعقد ہوگا، جس کا ایجنڈا پیشگی طور پر تمام اراکین کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے۔
Share this content:

