پاکستانی حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کے لیے 9.61 ارب روپے جاری

مظفرآباد /کاشگل نیوز

حکومت پاکستان نے مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی کے دوران آزاد کشمیر کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 9.61 ارب روپے جاری کیے، جب کہ محکمہ خزانہ آزاد کشمیر نے ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے مزید 3 ارب روپے کی فراہمی یقینی بنائی۔ اس طرح مجموعی طور پر 12.61 ارب روپے ترقیاتی اقدامات کے لیے دستیاب رہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک 7.98 ارب روپے مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کو جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 4.61 ارب روپے کے فنڈز تاحال باقی ہیں۔ مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر 3.72 ارب روپے بالغ واجبات کی ادائیگی کے لیے مختلف محکموں کو جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق زراعت، آبپاشی اور باغبانی کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی زیر غور ہے، جب کہ AJK-TEVTA کو تربیتی منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ترقیاتی سیکٹرز میں مواصلات و تعمیرات کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 5.7 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح تعلیم کے لیے 4.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز ریلیز کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں، محکمہ بجلی، صحت، ماحولیات، آئی ٹی، صنعت اور مقامی حکومت کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی مرحلہ وار فراہمی کی سفارش کی گئی ہے۔ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ اور تحقیق و ترقی کے منصوبے بھی موجودہ ریلیز پلان میں شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ 3.721 ارب روپے کے فنڈز تمام کوڈل، قانونی اور رسمی تقاضے مکمل ہونے کے بعد متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کو جاری کیے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

Share this content: