راولاکوٹ/ کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کی جریدہ اسامیوں کے امیدواران، میرٹ اینڈ ریفارمز موومنٹ اور اینٹی ایڈہاک ازم موومنٹ کے رہنمائوں نے وزیر اعظم جموں کشمیر چوہدری انوار الحق سے مطالبہ کیاہے کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی لیکچررز کی اسامیوں سمیت تمام محکمہ جات کی اسامیاں بذریعہ پبلک سروس کمیشن پُر کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ایڈہاک ازم فروغ پارہا ہے،ماضی میںسیاسی بنیادوں پر تعیناتیاں ہوتی رہی ہیں،جس سے دلبرداشتہ ہوکر پڑھے لکھے قابل ڈگری ہولڈرز اپنی خدمات بیرون ملک دینے پرمجبور ہیں، ریاست کو میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت میسر آنے میں رخنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم انوار الحق نے شفاف پبلک سروس کمیشن ممبران کی تعیناتی کرکے میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا۔اب وقت کا تقاضا ہےکہ پبلک سروس کمیشن میں مشتہر اسامیوں پر فوری ٹیسٹ انٹرویوز یقینی بناکر ایڈہاک ازم کا منہ مکمل بند کیا جائے،ایڈہاک ازم کی وجہ سے آئے روز جتھے چوکوں اور چوراہوں میں بدوں پبلک سروس کمیشن ٹیس انٹرویوز مستقلی کے مطالبے کرتے ہیں،جس سے ریاستی ادارے کھوکھلے ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے ریفارمز لائے جائیں،کمیشن کو فیڈرل پی ایس سی کی طرز پر اپگریڈ کرکے شفاف میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔
صحافیوں سے دوران گفتگو ایم آر ایم،اے اےایم اور پی ایس سی امیدواران نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق ریاست میں میرٹ کی بالادستی،گڈ گورننس کے خواہاں ہیں،ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ ایڈہاک ازم کا منہ ہمیشہ کے لیے بند کرکے تاریخ رقم کریں گے۔
پی ایس سی امیدواران کا کہنا ہے ہماری عمریں ملازمت کی حدوں کو عبور کررہی ہیں،بروقت پی ایس سی ٹیسٹ انٹرویوز یقینی بنائے جائیں،پڑھی لکھی افرادی قوت ریاست کو میسر آسکے ۔تاکہ اداروں کا وقار بحال ہو اور ریاست تعمیر وترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو۔
Share this content:


