پاکستانی جموں کشمیرکےسابق وزیر اعظم کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد/مظفرآباد / کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے خلاف ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران سردار تنویر الیاس کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی ذرائع کے مطابق، سردار تنویر الیاس کے خلاف مبینہ طور پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غیرقانونی استعمال اور قواعد کی خلاف ورزی سے متعلق کیس زیرِ سماعت تھا۔ متعدد مرتبہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے باقاعدہ وارنٹ جاری کیے۔

سرکاری استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم نے پاسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کی جس کے شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، اس لیے ان کی فوری گرفتاری ناگزیر ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر حال میں انہیں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

قانونی ماہرین کے مطابق، وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سردار تنویر الیاس کی گرفتاری کسی بھی وقت متوقع ہے جبکہ ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اس سلسلے میں حرکت میں آنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور سابق وزیر اعظم ہونے کی حیثیت سے کیس کے سیاسی اثرات بھی زیرِ بحث ہیں۔ تاہم عدالت نے واضح کیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور ملزم کی حاضری یقینی بنانا ضروری ہے۔

ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس کی آئندہ سماعت مقررہ تاریخ پر ہوگی جس میں مزید اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

Share this content: