سکردو : حق پرست رہنماؤں کا آئندہ الیکشن میں ہر حلقے سے امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ

گلگت /بیوروچیف کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے علاقے سکردو اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے حق پرست رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ حق پرست قوتیں آئندہ انتخابات میں ہر حلقے سے امیدوار کھڑا کریں گی۔

اس موقع پر سکردو حلقہ نمبر ایک سے قومی فکر کے حامل رہنما آصف ناجی ایڈووکیٹ کے نام پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔

آصف ناجی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حتمی فیصلہ حلقے کے عوام، دوستوں اور چاہنے والوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

اجلاس میں عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر کامریڈ بابا جان، عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان ڈویژن کے صدر نجف علی، گلگت بلتستان یونائٹڈ موومنٹ کے چیف آرگنائزر شبیر مایار، بالاورستان نیشنل فرنٹ ضلع گلگت کے صدر عرفان عباس آزاد اور دیگر حق پرست رہنماؤں نے شرکت کی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عوامی حقوق، خودمختاری اور ترقی کے لیے مشترکہ سیاسی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔

Share this content: