ہنزہ/بیوروچیف کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ میں عوامی ایکشن کمیٹی کے گرفتار رہنماؤں کی رہائی کے لئے عوامی ورکرز پارٹی کے زیرِ اہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں عوامی ورکرز پارٹی کے مقامی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، اور مختلف سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر گرفتار رہنماؤں کی فوری رہائی، آئینی حقوق کی فراہمی اور پرامن جمہوری جدوجہد کے احترام کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما خطے کے عوام کے مسائل اجاگر کر رہے تھے، اس لیے ان کی گرفتاری ناقابلِ قبول ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی آواز دبانے کی کوششیں خطے میں بے چینی کو جنم دے رہی ہیں۔
مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار رہنماؤں کو جلد از جلد رہا کیا جائے اور عوام کے معاشی و سیاسی حقوق کے حوالے سے مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے۔
مظاہرے کے آخر میں مقررین نے اعلان کیا کہ اگر رہنماؤں کو رہا نہ کیا گیا تو احتجاجی دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
Share this content:


