باغ: گرلز کالج بیرپانی میں سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاج ،روڈ بلاک

باغ /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع باغ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بیرپانی میں سٹاف کی شدید کمی، کالج تک جانے والی سڑک کی خستہ حالی، تعمیر و مرمت کے کام کے طویل عرصے سے تعطل، اور بجلی کی مسلسل عدم فراہمی کے خلاف طالبات، والدین اور مقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین نے مرکزی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا، جس کے باعث علاقے میں آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کالج میں تدریسی عملے کی کمی کے باعث کلاسز کا سلسلہ متاثر ہو رہا ہے، کئی اہم مضامین کے لیکچرار نہ ہونے سے طالبات کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔

والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارہا درخواستوں کے باوجود سٹاف کی تعیناتی نہیں کی جا رہی، جس سے سینکڑوں بچیوں کی تعلیم داؤ پر لگی ہوئی ہے۔

مقامی رہنماؤں اور والدین نے مزید بتایا کہ کالج روڈ کا تعمیراتی کام ایک عرصے سے پینڈنگ ہے۔ جگہ جگہ گڑھے، مٹی اور ٹوٹی ہوئی سڑک کے باعث آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ برسات کے موسم میں یہ سڑک نالوں کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

بجلی کی عدم فراہمی بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ مظاہرین کے مطابق لائٹ نہ ہونے سے بچیوں کی کلاسز متاثر ہوتی ہیں، لیبارٹریز اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں رکاوٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ایسے حالات ناقابلِ قبول ہیں کہ ایک ڈگری کالج بجلی کے بغیر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے۔

احتجاجی مظاہرین نے حکومتِ جموں و کشمیر، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ:

1۔فوری طور پر تدریسی سٹاف تعینات کیا جائے۔
2۔کالج روڈ کی تعمیر و مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
3۔بجلی کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا۔

Share this content: