پاکستانی جموں کشمیر: سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی صحافی کے سوال پر اظہاربرہمی

مظفرآباد /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں آج وزیرِاعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ہونے والی ووٹنگ کے موقع پر اسمبلی کے باہر غیر معمولی سیاسی سرگرمی دیکھی گئی۔ ووٹنگ میں شامل ہونے کے لیے پہنچنے والے متعدد وزراء اور اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ میڈیا نمائندگان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اسی دوران سابق وزیراعظم جنوں وکشمیر راجہ فاروق حیدر ایک سینئر صحافی کے سوال پر برہم ہو گئے۔ عینی شاہدین و ویڈیوز شوائد کے مطابق صحافی کی جانب سے ایک معمول کے سیاسی سوال پر راجہ فاروق حیدر نے نہ صرف سخت لہجہ اختیار کیا بلکہ انتہائی نامناسب اور غیر پارلیمانی انداز میں جواب دیا، جس پر موجود صحافتی کمیونٹی نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔

صحافیوں کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کا میڈیا سے بدتمیزانہ رویہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ اظہارِ رائے کی آزادی اور پروفیشنل صحافت کے لیے بھی خطرناک رجحان بنتا جا رہا ہے۔ میڈیا کارکنان نے مطالبہ کیا ہے کہ منتخب نمائندگان صحافت کے تقدس، سوال کے حق اور صحافیوں کی عزتِ نفس کا احترام کریں۔

واضح رہے کہ آج ہونے والی عدم اعتماد کی ووٹنگ جموں وکشمیر کی سیاست میں اہم موڑ تصور کی جا رہی ہے، ایسے میں سینئر سیاسی شخصیات کے غیر ذمہ دارانہ رویے نے ماحول کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔

Share this content: