مظفرآباد/ کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ماحولیاتی تبدیلیاں تیزی سے شدت اختیار کرتی جا رہی ہیں۔ شہر خصوصاً شپر کے علاقوں میں فضائی آلودگی نے ڈیرے جما لیے ہیں، جس کے باعث سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی معمول کی دھوپ غائب ہو کر رہ گئی ہے اور فضا میں سموگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
ماہ دسمبر کے آغاز پر جہاں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، وہیں فضائی آلودگی اور بارشوں کی کمی نے شہریوں کی مشکلات دوچند کر دی ہیں۔ ماہرین کے مطابق سموگ اور آلودہ فضا کے باعث سانس کی بیماریاں، زکام، کھانسی، آنکھوں میں جلن اور الرجی جیسے امراض میں واضح اضافہ ہو رہا ہے، جس سے بچوں، بزرگوں اور مریض افراد کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آلودہ ہوا کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ سورج کی روشنی نہ ملنے سے سردی کی شدت مزید بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب ماحولیاتی ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ برسوں میں مظفرآباد شدید ماحولیاتی تبدیلیوں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
عوامی حلقوں نے محکمہ ماحولیات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فضائی آلودگی کے اس بڑھتے ہوئے مسئلے کا فوری نوٹس لے، سموگ کے اسباب پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ شہر کو مستقبل کے بڑے ماحولیاتی بحران سے بچایا جا سکے۔
Share this content:


