باغ / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر ضلع باغ میں عوامی ایکشن کمیٹیوں کے ممبران کا ایک بھرپور اور نمائندہ اجلاس عثمانیہ ہوٹل باغ میں منعقد ہوا، جس میں وارڈ سطح کی عوامی ایکشن کمیٹیوں کے متحرک اور سرگرم ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں بجلی کی بدترین بندش، عوامی مسائل اور آئندہ کی لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 16 دسمبر کو گریڈ اسٹیشن کی طرف ایک بھرپور عوامی مارچ کیا جائے گا۔ عوامی مارچ کا آغاز النور ہوٹل باغ سے صبح 11 بجے کیا جائے گا، جس میں تمام وارڈز، دیہات اور تحصیلوں سے عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے گاؤں اور وارڈ سطح پر رابطہ مہم تیز کی جائے گی جبکہ دکان ٹو دکان عوام سے براہ راست رابطہ کیا جائے گا۔ تمام تحصیلوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ کارنر میٹنگز کے ذریعے عوام کو متحرک کریں اور اس جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر بنائیں۔
اجلاس کے شرکاء نے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش کو مسترد کرتے ہوئے واضح نعرے لگائے:
“بجلی کی بندش نامنظور”
“بجلی ہماری، قبضہ تمہارا نامنظور”
“جدوجہد تیز ہو”
آخر میں اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی صورت عوامی مسائل پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔
Share this content:


