کشمیر میں ایل پی جی گیس کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، سرکاری نرخ نظرانداز

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے مختلف شہروں میں ایل پی جی گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 11 کلو گرام کا ایل پی جی سلنڈر 3700 سے 4000 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو مقررہ سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہے۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے 17 نومبر کو تمام صوبوں اور جموں کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کیا گیا تھا، جس میں عوامی شکایات کے پیش نظر 11 کلو گرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 2378 روپے مقرر کی گئی۔ تاہم آزاد کشمیر میں اس حکم نامے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو گیس پر زیادہ انحصار کرنا پڑ رہا ہے، مگر گیس مافیا نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔

عوامی حلقوں نے انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوگرا کے جاری کردہ نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں مکمل ناکامی نظر آ رہی ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ خطے میں غیر معیاری اور کھلی ایل پی جی گیس کی فروخت بھی دھڑلے سے جاری ہے، جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکی ہے۔

عوام نے حکومت جموںکشمیر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس مافیا کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور غیر معیاری و کھلی گیس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

Share this content: