مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پاکستان میں مقیم مہاجرین کی نشستوں سے متعلق معاہدے کی مبینہ کھلم کھلا خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کو سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کو پامال کرتے ہوئے بارہ مشکوک ریاستی باشندوں کو پارلیمانی کمیٹیوں کی آڑ میں عملی طور پر وزارتوں اور مراعات دینے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں کے حوالے سے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شدید ترین ردعمل دینے پر مجبور ہو گی اور اس مقصد کے لیے آزاد جموں کشمیر کے عوام سے رجوع کیا جائے گا۔
کمیٹی نے خبردار کیا کہ عوامی حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی تمام کوششوں کے خلاف منظم عوامی تحریک شروع کی جا سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔
اعلامیے کے اختتام پر مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور متنازع اقدامات کو واپس لیا جائے تاکہ خطے میں سیاسی عدم استحکام سے بچا جا سکے۔
Share this content:


