پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت اور بنوں میں پولیس فورس پر حملوں میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق سرائے نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی جس سے ڈیوٹی پر مامور 3 ٹریفک پولیس اہلکارہلاک ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، ہلاک پولیس اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ منڈان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا، کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی پر تھانا منڈان جا رہا تھا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
Share this content:


