اسلام آباد/ کاشگل نیوز
پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں سی ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات کے نام پر جاری آپریشن کے خلاف متاثرین نے آج ملپور تھرڈ ایوینیو میں پُرامن احتجاج کیا۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے جائز حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
احتجاج میں سیکریٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (PPPP) سید نیئر حسین بخاری اور سید سبط الحیدر بخاری، انچارج سینٹرل سیکریٹریٹ نے خصوصی شرکت کی اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ بغیر نوٹس اور سماعت کے کی جانے والی کارروائیاں آئین اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کے جائز مطالبات کو نظر انداز نہ کرے۔
احتجاج کی قیادت متاثرین اسلام آباد کمیٹی کے عہدیداران راجہ عنایت الرحمٰن، تنویر حسین، راجہ ہارون، راجہ یاسر، راجہ حسنین عباسی، راجہ شکیل عباسی، قمر شاہ، آغا محمد علی، ازیر محمد، ناصر شاہ، کاشف قریشی اور ملک جمشید نے کی۔
مظاہرین نے زور دے کر مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بلاجواز آپریشن فوری طور پر بند کرے، غیر قانونی نوٹسز واپس لے، اور متاثرین کے مسائل کا حل شفاف اور بات چیت کے ذریعے نکالا جائے۔
احتجاج پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسلام آباد کے شہری اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن احتجاج اور قانونی طریقہ کار پر یقین رکھتے ہیں۔
Share this content:


