امریکہ نے انڈیا سے درآمد کی جانے والی اشیا پر ٹیرف کو کم کر کے 18 فیصد کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر کیا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انڈیا اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ تاہم انڈین وزیر اعظم کی سابق پوسٹ میں تجارتی معاہدے کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں تھیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹیرف اور تجارتی سودوں کے بارے میں معلومات دی ہیں۔
اس پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ امریکہ اور انڈیا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت امریکہ نے باہمی ٹیرف کو 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیا ہے۔
دریں اثنا، انڈیا میں امریکی سفیر سرجیو گور نے ٹویٹر پر لکھا ، ’جیسا کہ میں نے کئی بار کہا ہے، صدر ٹرمپ واقعی وزیر اعظم مودی کو بہت اچھا دوست سمجھتے ہیں۔ میں آج شام تجارتی معاہدے کی خبر سے بہت پرجوش ہوں۔ امریکہ اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں بے پناہ امکانات ہیں۔‘
پیر کی رات دیر گئے دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کی طرف سے کیا گیا یہ اعلان بہت اہم ہے کیونکہ گذشتہ سال سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔
امریکہ نے روس سے انڈیا کی تیل کی خریداری پر 25 فیصد ٹیرف لگا دیا، جس سے یہ کل 50 فیصد ہو گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پوسٹ میں لکھا، ’آج صبح انڈیا کے وزیر اعظم مودی سے بات کرنا اعزاز کی بات تھی۔ وہ میرے بہترین دوستوں میں سے ایک ہیں اور اپنے ملک کے ایک طاقتور اور قابل احترام رہنما ہیں۔ ہم نے تجارت اور روس-یوکرین جنگ کے خاتمے سمیت بہت سے موضوعات پر بات چیت کی۔ انھوں نے روسی تیل کی خریداری روکنے اور ممکنہ طور پر وینزویلا سے مزید تیل خریدنے پر اتفاق کیا۔‘
’اس سے یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، جس میں ہر ہفتے ہزاروں لوگ مارے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی دوستی اور احترام کی وجہ سے، اور ان کی درخواست پر، ہم نے فوری طور پر امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے تحت، امریکہ نے باہمی ٹیرف کو 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیا ہے۔‘
’انڈیا بھی امریکہ کے ساتھ اپنی ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے کی طرف بڑھے گا۔ وزیر اعظم نے ’بائے امیریکن‘ پالیسی کے تحت امریکہ سے مزید خریداری کا عہد بھی کیا ہے۔ مزید برآں، امریکی توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت، کوئلہ، اور بہت سی دوسری مصنوعات کی $500 بلین سے زیادہ کی خریدی جائے گی۔‘
انھوں نے کہا، ’ انڈیا کے ساتھ ہمارے شاندار تعلقات آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی اور میں وہ لوگ ہیں جو کام کرواتے ہیں، جو زیادہ تر لوگوں کے بارے میں نہیں کہا جا سکتا۔‘
اس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا، ’آج اپنے پیارے دوست صدر ٹرمپ سے بات کرتے ہوئے بہت خوشی ہوئی۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ میڈ ان انڈیا مصنوعات پر ٹیرف اب کم کر کے 18 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ہندوستان کے 1.4 بلین عوام کی طرف سے، اس اعلان کے لیے صدر ٹرمپ کا شکریہ۔‘
انھوں نے لکھا، لجب دنیا کی دو بڑی معیشتیں اور سب سے بڑی جمہوریتیں مل کر کام کرتی ہیں، تو اس سے ہمارے لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے اور باہمی فائدے کے بے پناہ مواقع کھلتے ہیں‘۔
’صدر ٹرمپ کی قیادت عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔ انڈیا امن کے لیے ان کی کوششوں میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ میں اپنی شراکت داری کو بے مثال بلندیوں تک لے جانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘
Share this content:


