مظفرآباد: بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، محکمہ پبلک ہیلتھ ملازمین کا احتجاج جاری

مظفرآباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے ٹیکنیکل فیلڈ اسٹاف نے اسکیل اپ گریڈیشن اور ٹریٹمنٹ پلانٹ ماکڑی فیز ٹو پوسٹوں کی منظوری کے مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی روز سے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کے واضح فیصلوں کے باوجود فیلڈ ورکرز کی اسکیل اپ گریڈیشن پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ وہ طویل عرصے سے بنیادی سہولیات اور سروس اسٹرکچر کی بہتری کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔

احتجاجی ملازمین نے ٹریٹمنٹ پلانٹ ماکڑی کے فیز ٹو منصوبے کی پوسٹوں کی فوری منظوری کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل شہر مظفرآباد کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ سخت لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے مظفرآباد شہر کو فراہم کیے جانے والے پانی کی سپلائی بند کر کے احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔

دوسری جانب محکمہ پبلک ہیلتھ یا حکومت کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Share this content: