عباسپور میں اسسٹنٹ کمشنر پر ڈرائیور پر مبینہ تشدد کا الزام، کمشنر پونچھ ڈویژن کا نوٹس

پونچھ /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل عباسپور میں اسسٹنٹ کمشنر شہزاد عباسی پر اپنے ڈرائیور ارشد کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ اے سی آفس عباسپور میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے ڈرائیور پر لاتوں اور مکوں سے حملہ کیا اور گالم گلوچ کی۔

دفتر میں موجود دیگر ملازمین نے مداخلت کرتے ہوئے ڈرائیور کو مبینہ تشدد سے بچایا اور اسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال عباسپور منتقل کیا۔

ڈرائیور ارشد نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے تمام ملازمین کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے جس سے اس کی عزتِ نفس مجروح ہوئی۔

اس نے کمشنر پونچھ ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے اسے انصاف فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب کمشنر پونچھ ڈویژن سردار وحید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں فریقین کو طلب کر لیا ہے۔

کمشنر کا کہنا ہے کہ معاملے کی منصفانہ انکوائری کی جائے گی اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واقعے کے بعد سرکاری حلقوں اور مقامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں نے شفاف تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: