انڈیا کا ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت

تہران میں انڈین سفارتخانے نے 23 فروری 2026 کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ایران میں موجود انڈین شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سفارتخانے کے مطابق یہ ہدایت پانچ جنوری اور 14 جنوری کو ملک میں جاری مظاہروں کے دوران کی جانے والی ہدایات کا تسلسل ہے۔

نئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تازہ صورتحال کے پیشِ نظر طلبا، زائرین، کاروباری افراد اور سیاحوں کو کہا گیا ہے کہ وہ دستیاب ذرائع، بشمول کمرشل پروازوں کے ذریعے ایران سے روانہ ہو جائیں۔

ایڈوائزری میں انڈین شہریوں اور اوورسیز انڈینز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، احتجاج یا مظاہروں والے علاقوں سے دور رہیں، مقامی میڈیا پر نظر رکھیں اور مسلسل انڈین سفارتخانے سے رابطے میں رہیں۔

اس ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام انڈین شہری اپنے سفری اور امیگریشن دستاویزات، جیسے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ، ہر وقت اپنے پاس رکھیں۔ کسی بھی مشکل کی صورت میں وہ سفارتخانے سے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

سفارتخانے نے ہنگامی رابطہ نمبرز اور ای میل بھی فراہم کیے ہیں تاکہ شہری فوری طور پر مدد حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ جن انڈین شہریوں نے ابھی تک سفارتخانے میں رجسٹریشن نہیں کرائی، انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن لنک کے ذریعے رجسٹریشن کریں۔

اگر ایران میں انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سے رجسٹریشن ممکن نہ ہو تو انڈیا میں موجود ان کے اہلِ خانہ یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

Share this content: