افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں ڈرون حملوں کے متضاد دعوے سامنے آ گئے ہیں۔
افغانستان کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے صبح تقریباً 11 بجے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت نوشہرہ، جمرود اور ایبٹ آباد میں فوجی تنصیبات اور چھاؤنیوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ افغان حکام کے مطابق یہ کارروائی کامیاب رہی۔
دوسری جانب پاکستان نے افغان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مقام پر کوئی نقصان نہیں ہوا اور تمام ڈرونز مار گرائے گئے۔
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں نے ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرون لانچ کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو بغیر کسی نقصان کے تباہ کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے واقعات افغان طالبان اور پاکستان میں دہشت گردی کے درمیان مبینہ براہِ راست تعلق کو بے نقاب کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
Share this content:


