بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف ممکنہ جنگ دنیا کو ایسے شدید توانائی بحران کی طرف دھکیل سکتی ہے جو 1970 کی دہائی کے دونوں تیل بحرانوں سے بھی بڑا ہو گا۔
آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرول نے کہا کہ 1970 کی دہائی کے ہر بحران میں عالمی منڈی کو یومیہ تقریباً 50 لاکھ بیرل تیل کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا، یعنی مجموعی طور پر ایک کروڑ بیرل روزانہ۔
ان کے مطابق موجودہ صورتحال اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے، کیونکہ دنیا پہلے ہی یومیہ ایک کروڑ 10 لاکھ بیرل تیل کی سپلائی سے محروم ہو چکی ہے—جو دونوں تاریخی بحرانوں کی مجموعی کمی سے بھی زیادہ ہے۔
فاتح بیرول نے کہا کہ اس بحران کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں رہ سکے گا، کیونکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش نے تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی عالمی ترسیل کو شدید متاثر کیا ہے۔
Share this content:


