پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے رہنما شوکت نواز میر نے مظفرآباد کے تھانہ سول سیکرٹریٹ میں ایک تحریری درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں انہوں نے ایک ویب چینل، اس کے اینکر اور پروگرام کے مہمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق 28 مارچ 2026 کو “کشمیر ڈیجیٹل” نامی ویب چینل پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں اینکر مجتبیٰ بٹ اور مہمان عبدالحمید لون نے ان کے خلاف “بے بنیاد اور ہتک آمیز” الزامات عائد کیے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پروگرام میں لگائے گئے الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ اس سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چینل کے مالک ابرار حیدر نے بغیر کسی تحقیق یا تصدیق کے اس پروگرام کو نشر کرنے کی اجازت دی، جو صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
شوکت نواز میر نے اپنی درخواست میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 499 اور 501 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی ہے، جو ہتکِ عزت سے متعلق قوانین ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عبدالحمید لون نے ایک پروگرام میں مبینہ طور پر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی بھارتی فنڈنگ سے متعلق دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد سیاسی و عوامی حلقوں میں بحث چھڑ گئی تھی۔
Share this content:


