اے جے کے اور جی بی کے انتخابات محض سلیکشن کا کھیل ہیں، مزروق افضل

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے رہنما مزروق افضل نے اٹلی سے جاری اپنے سخت بیان میں آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نام نہاد انتخابات درحقیقت پاکستان کی مقتدر قوتوں کی جانب سے اپنے کٹھ پتلی نمائندوں کی سلیکشن کا ایک گھناؤنا کھیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر بار جمہوریت کے نام پر ایک ڈھونگ رچایا جاتا ہے، جس میں عوام کی حقیقی نمائندگی کو دانستہ طور پر کچل دیا جاتا ہے۔

مزروق افضل نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر کے ان کے بنیادی حقِ نقل و حرکت کو سلب کرنا بدترین فسطائیت اور کھلی ریاستی جبر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے رکھنے والوں کو دبانے کے لیے ریاستی ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیڈول 4 کے تحت گلگت بلتستان میں سیاسی رہنماؤں کو گھروں تک محدود کرنا ایک سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ عمل کھلم کھلا سیاسی انتقام کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل ایسے غیر جمہوری اقدامات کے ذریعے خطے کے عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

آخر میں انہوں نے ان تمام اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور خطے میں جاری سیاسی جبر کے خلاف آواز بلند کریں۔

Share this content: