بے بنیاد الزامات اور کردار کشی کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، گلگت صحافتی تنظیمیں

گلگت / کاشگل نیوز

گلگت یونین آف جرنلسٹ اور گلگت پریس کلب نے ایک مشترکہ اعلامیے میں بعض سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور زمہ داروں کی جانب سے مقامی صحافیوں کے خلاف چلائی جانے والی منفی مہم اور کردار کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صحافتی تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنی باہمی چپقلش میں میڈیا کو نشانہ بنانا بند کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی آپسی لڑائی ان کا داخلی معاملہ ہے، اس میں مقامی صحافیوں کو گھسیٹنا اور ان پر الزامات لگانا کسی صورت قبول نہیں۔

مقامی صحافی تمام تر خطرات اور دباؤ کے باوجود غیر جانبداری کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ذمہ دار صحافیوں کو متنازع بنانے کی کوششیں قابلِ افسوس ہیں۔صحافیوں کے تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات ہوتے ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ان تعلقات کو بنیاد بنا کر صحافیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے۔

صحافتی تنظیموں نے سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر صحافیوں کے خلاف کردار کشی کا سلسلہ فوری طور پر ترک نہ کیا گیا تو سخت احتجاجی راستہ اختیار کیا جائے گا۔اور ایسے عناصر جو اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے میڈیا نمائندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اسے سیاسی مقاصد کے لیے تختہ مشق بنانا جمہوری روایات کے منافی ہے۔

Share this content: