اسکردو : میاں بیوی اور دو کمسن بیٹیوں سمیت 4 افراد قتل

گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں مدینہ کالونی کے عقب میں واقع ایک گھر میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے میاں بیوی اور ان کی دو کمسن بیٹیوں سمیت خاندان کے چار افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

ہلاک ہونے والی بچیوں کی عمریں ایک اور پانچ سال بتائی گئی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے گھر میں داخل ہو کر اہلِ خانہ پر تیز دھار آلے، مبینہ طور پر چاقو اور کلہاڑی سے حملہ کیا۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام اور کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جہاں شواہد اکٹھے کیے گئے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو جائے وقوعہ سے شواہد محفوظ بنانے، شفاف اور جامع تحقیقات کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کی رپورٹ اسٹیٹ آف ہیومن رائٹس 2025 کے مطابق پولیس کے اعداد و شمار کی بنیاد پر گلگت بلتستان میں سال 2025 کے دوران قتل کے 64 واقعات رپورٹ ہوئے۔

اسی عرصے میں اقدامِ قتل کے 96 اور غیرت کے نام پر قتل کے 14 واقعات بھی سامنے آئے۔

اسکردو میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے بہیمانہ قتل کے واقعے نے خطے میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔

مقامی شہریوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: