پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فزیوتھراپی کے دوران مبینہ غفلت کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے۔
ممبر ضلع کونسل باغ مفتی محمد شاہد نسیم نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ باغ کے معروف فزیوتھراپسٹ مسعود ارشاد کی غلط تھراپی کے باعث یونین کونسل تھب خاص بھٹی شریف کی رہائشی خاتون، اہلیہ راجہ فرمان، ایک ٹانگ سے معذور ہونے کے خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔
مفتی شاہد نسیم کے مطابق خاتون کو تکلیف کے باعث باغ لایا گیا جہاں فزیوتھراپسٹ مسعود ارشاد نے علاج کے دوران ان کی ٹانگ کو اس انداز میں مروڑا کہ تکلیف میں شدید اضافہ ہو گیا۔ بعد ازاں انہیں اسلام آباد کے راول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ زیادہ دباؤ کی وجہ سے خاتون کا مہرہ ٹوٹ چکا ہے اور علاج کے باوجود 99 فی صد امکان ہے کہ وہ چلنے کے قابل نہیں رہیں گی۔
متاثرہ خاتون پانچ بچوں کی ماں ہیں، اور اہل خانہ کے مطابق وہ انصاف کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔
مفتی شاہد نسیم نے کہا کہ باغ میں غلط تشخیص اور غیر مستند معالجین کے ہاتھوں مریضوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر باغ، اسسٹنٹ کمشنر اور وزیر حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں نام نہاد ڈاکٹرز اور فزیوتھراپسٹس کی ڈگریوں کی فوری جانچ پڑتال کرائی جائے تاکہ مریضوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے فزیوتھراپسٹ مسعود ارشاد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
Share this content:


