14 اپریل: پاکستانی کشمیر میں ’’پہاڑی زبان کا دن‘‘ سرکاری سطح پر منایا گیا

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 14 اپریل کو پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر ’’پہاڑی زبان کا دن‘‘ منایا گیا، جس کا مقصد خطے کی مقامی زبان اور ثقافت کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔ اس دن کی تقریبات مختلف شہروں میں منعقد ہوئیں جہاں پہاڑی زبان کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

پہاڑی زبان کا دن منانے کا آغاز اگرچہ 14 اپریل 2024 کو سماجی سطح پر ہوا تھا، تاہم رواں برس پہلی بار حکومت نے اسے باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے سرکاری سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا۔ اس پیش رفت کو مقامی زبانوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

دارالحکومت مظفرآباد سمیت دیگر شہروں میں منعقدہ تقریبات میں ادیبوں، شعرا، طلبہ اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

ان تقریبات میں پہاڑی زبان میں تقاریر،لوک گیت اور ثقافتی مظاہرے،ادبی نشستوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد نئی نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنا تھا۔

ماہرین کے مطابق پہاڑی زبان مغربی جموں کے وسیع علاقوں میں بولی جاتی ہے جہاں بڑی تعداد میں پہاڑی قبائل آباد ہیں۔ یہ زبان نہ صرف ابلاغ کا ذریعہ ہے بلکہ مقامی تاریخ، روایات اور تہذیب کی عکاس بھی ہے۔

تقریبات کے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ گلوبلائزیشن اور دیگر زبانوں کے بڑھتے اثرات کے باعث مقامی زبانیں خطرے سے دوچار ہیں، لہٰذا تعلیمی نصاب میں شمولیت ،ادبی سرگرمیوں کا فروغ،سرکاری سرپرستی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پہاڑی زبان کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

مقامی افراد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی اس طرح کے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ خطے کی ثقافتی شناخت کو برقرار رکھا جا سکے۔

Share this content: