پاکستانی کشمیر: غیر معیاری خوراک کی روک تھام کیلئے سپریم کورٹ کے اہم احکامات جاری

مظفرآباد/کاشگل نیوز

سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے چیف جسٹس سعید اکرم راجہ، جسٹس رضا علی خان اور جسٹس چوہدری خالد یوسف پر مشتمل بینچ نے سول سوسائٹی کی جانب سے کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے شاہد زمان اعوان کیس میں حکومت کو فوری طور پر معیاری فوڈ لیبارٹری کے قیام کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری خوراک کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کھلا دودھ صرف باقاعدہ باڑہ رکھنے والوں کو فروخت کرنے کی اجازت ہوگی تاکہ دودھ کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

Share this content: