درخت لگانا آنے والی نسلوں کی بقا ہے، ویمن یونیورسٹی باغ میں شجرکاری مہم شروع

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ میں وائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ کمال نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔

اس موقع پر ڈینز، پرنسپل آفیسران ،فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحول کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول کی ضمانت بھی ہے۔

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اپنے ماحول کو سرسبز و شاداب بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شجر کاری سے زیادہ شجر پروری پر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پودوں کی حفاظت کا جب تک مؤثر نظام نہیں بنایا جاتا ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتے.

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے وقت میں دنیا کو انتہائی گھمبیر صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ پاکستان اور دیگر کئی ممالک موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے تباہی کا شکار ھو چکے ہیں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں سے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں ۔

انھوں نے کہا شجرکاری، شجر پروری ، موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحول کے تحفظ کے لیے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ھو گا اسی میں دنیا کی بقا ھے۔

Share this content: