پونچھ میں کم عمر بچی پر مبینہ تشدد کا واقعہ، والد کے خلاف مقدمہ درج

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ میں کم عمر لڑکی پر مبینہ تشدد کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نےمتاثرہ لڑکی فاطمہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

یہ واقعہ 26 اپریل 2026 کو تھانہ سٹی راولاکوٹ کی حدود میں، تقریباً 15 کلومیٹر دور واقع موضع سنگولہ میں پیش آیا، جہاں ایک 15 سالہ بچی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

درخواست گزار متاثرہ لڑکی فاطمہ بی بی نے پولیس کو دی گئی تحریری درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایک مدرسے کی طالبہ ہے، جس کا ایک سال قبل اپنے کزن عدنان کے ساتھ رابطہ تھا۔

درخواست کے مطابق 12 اپریل کو لڑکی کے والد کو فون کالز کا علم ہوا، جس پر وہ شدید مشتعل ہو گئے اور مبینہ طور پر اسلحہ لے کر عدنان کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔

ایف آئی آر کے مطابق والد لڑکی کو گھر واپس لانے کے بعد ایک کمرے میں لے گئے۔اورکمرہ بند کر کے مبینہ طور پر تشدد کیا گیا۔لڑکی کو عدنان کو بلانے پر مجبور کیا گیا۔عدنان کے آنے پر اسے بھی مبینہ طور پر مارا پیٹا گیا بعد ازاں لڑکی کے پاؤں کے ناخن کھینچنے کا الزام عائد کیا گیا۔زخمی حالت میں لڑکی کی ابتدائی مرہم پٹی گھر میں ہی کی گئی۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ واقعے کے دوران گھر کے دیگر افراد کو باہر نکال دیا گیا تھا، جبکہ لڑکی کی کزن نے بعد میں اس کی مدد کی۔

درخواست گزار متاثرہ لڑکی نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے اور نامزد ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Share this content: