پونچھ میں طلبہ کنونشن: خودارادیت، وسائل پر حق ملکیت اور انقلابی حکومت کا مطالبہ

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (جے کے این ایس ایف) ضلع پونچھ کے زیر اہتمام ضلعی ہیڈکوارٹر راولاکوٹ میں ایک بھرپور کنونشن، ریلی اور تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے معاہدہ کراچی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریاست کے تمام وسائل پر مقامی عوام کا حق ملکیت تسلیم کیا جائے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور پاکستان زیر انتظام جموں کشمیر کو یکجا کر کے ایک انقلابی حکومت قائم کی جائے جو عوامی مفادات کی حقیقی ترجمان ہو۔

طلبہ رہنماؤں نے اس خطے کے بنیادی مسئلے کو “قومی محرومی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں قومی حق خودارادیت کو شامل کرنا ناگزیر ہے۔

ان کے مطابق حق خودارادیت کے بغیر حق ملکیت اور حق حکمرانی کا تصور ادھورا ہے۔

کنونشن میں جے کے این ایس ایف نے عوامی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ ہر سطح پر عوامی حقوق کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر ضلع پونچھ کی نئی کابینہ کا بھی انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے تحت کامریڈ اسد یوسف ڈسٹرکٹ چیئرمین منتخب ہوئے۔ نو منتخب کابینہ سے مرکزی صدر ڈاکٹر نجیب اللہ نے حلف لیا۔

کنونشن کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مادر وطن ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی، خودمختاری، خوشحالی اور غیر طبقاتی سماج کے قیام تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Share this content: