ریاستِ کشمیر میں نجی سکولوں کی تعداد 2765، طلبہ 4 لاکھ 78 ہزار سے زائد

کاشگل نیوز خصوصی رپورٹ

پاکستا ن کے زیر انتظام کشمیر کی ریاست بھر میں نجی سکولوں کی مجموعی تعداد 2765 ہے جبکہ ان اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی کل تعداد 4 لاکھ 78 ہزار 351 تک پہنچ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جماعت اول تا ہشتم میں سب سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں جن کی تعداد تقریباً 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد ہے، جبکہ جماعت نہم تا بارہویں میں یہ تعداد 1 لاکھ 10 ہزار سے کچھ زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اعلیٰ جماعتوں تک پہنچتے پہنچتے طلبہ کی شرح میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔

ضلع کوٹلی نجی تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ مظفرآباد دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد طلبہ نجی سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ بھمبر بھی نمایاں اضلاع میں شامل ہے جہاں 61 ہزار سے زائد طلبہ نجی اداروں کا رخ کیے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حویلی کہوٹہ اور نیلم جیسے اضلاع میں داخلوں کی شرح کم رہی، جہاں بالترتیب 10 ہزار 860 اور 12 ہزار 120 طلبہ نجی سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان اضلاع میں تعلیمی سہولیات کی کمی اور جغرافیائی مشکلات اس کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔

سکولوں کی تعداد کے اعتبار سے مظفرآباد سرفہرست ہے جہاں 527 نجی سکول قائم ہیں، جبکہ پونچھ اور کوٹلی میں بھی نجی تعلیمی اداروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ شہری اور نسبتاً ترقی یافتہ اضلاع میں نجی تعلیم کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جبکہ دور دراز علاقوں میں اس حوالے سے مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے طلبہ کو بھی بہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

Share this content: