ضلع حویلی: بچے خستہ حال عمارتوں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

پاکستان زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع حویلی میں 2005 کے تباہ کن زلزلے کو دو دہائیاں گزرنے کے باوجود متعدد سرکاری اسکول تاحال تعمیر نہ ہو سکے۔ ضلع کے نواحی علاقے بھیڈی مغلاں کا مڈل اسکول بھی انہی تعلیمی اداروں میں شامل ہے جہاں طلبہ خستہ حال اور مخدوش عمارت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

مقامی شہریوں اور والدین کے مطابق اسکول کی عمارت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال کر تعلیم دینا حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اسی حلقے سے منتخب ہوئے تھے۔ وزیراعظم عوامی حکومت اور عوامی نمائندگی کے دعوے تو کرتے ہیں، مگر ان کے اپنے حلقہ انتخاب میں تعلیمی اداروں کی خستہ حالی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکمران پروٹوکول اور سینکڑوں گاڑیوں کے قافلوں کے ساتھ خود کو عوامی وزیراعظم قرار دیتے ہیں، جبکہ دوسری جانب بچوں کو بنیادی اور محفوظ تعلیمی سہولیات تک میسر نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع حویلی کے تمام متاثرہ اسکولوں کی فوری تعمیر نو کی جائے تاکہ طلبہ محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

Share this content: