کوٹلی: پولیس کی مبینہ بدتمیزی پر مذاکرات ناکام، مین شاہراہیں بند کرنے کا اعلان

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں صفائی بحران نے نیا رخ اختیار کر لیا، جہاں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات مبینہ پولیس بدتمیزی کے بعد ناکام ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے بلدیہ کی جانب سے شہر سے کچرا نہ اٹھائے جانے پر شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں تعفن پھیلنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو متعدد بار مسئلہ حل کرنے کے لیے وقت دیا گیا مگر عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔

آج جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن یاسر ملک نے مبینہ طور پر اپنی مدد آپ کے تحت مزدور لگا کر شہر سے کچرا اکٹھا کروایا اور احتجاجاً ڈی سی آفس کے باہر پھینکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ڈی ایس پی سہیل یوسف کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق پولیس نے یاسر ملک کے ساتھ بدتمیزی کی جبکہ ایک اہلکار نے انہیں تھپڑ بھی مارا، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

واقعے کے بعد جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر امتیاز اسلم نے اعلان کیا کہ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور احتجاج کے طور پر کوٹلی کی تمام مین شاہراہیں بند کی جائیں گی۔

عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جائے، ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے گرفتار کیا جائے اور شہر میں فوری صفائی کا انتظام کیا جائے۔

کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Share this content: