پاکستانی کشمیر میں جامعہ کشمیر مظفرآباد میں طلبہ نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرتے ہوئے طلبہ یونین انتخابات کے انعقاد کے لیے خود عملی اقدامات اٹھانے کا اعلان کر دیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں طلبہ کا کہنا تھا کہ خطے کی سیاسی جماعتیں اور حکمران گزشتہ کئی دہائیوں سے طلبہ سیاست پر “آمر” بنے بیٹھے ہیں اور طلبہ یونین انتخابات نہ کروا کر اس طرزِ عمل کو دوام دیا جا رہا ہے۔
طلبہ کے مطابق 2018 میں بھی حکومت کی جانب سے طلبہ یونین انتخابات کے انعقاد کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم وہ صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہا۔ بعد ازاں حالیہ دنوں میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں بھی اس مطالبے کو شامل کیا گیا، مگر اس کے باوجود عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔
طلبہ نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ حکمران طلبہ یونین انتخابات نہیں کروانا چاہتے، اسی لیے اب طلبہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خود آگے بڑھتے ہوئے اپنے بل بوتے پر 19 مئی بروز منگل 2026 سے جامعہ کشمیر سے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
طلبہ رہنماؤں کے مطابق جلد آئندہ کے لائحہ عمل، دیگر اداروں میں انتخابی طریقہ کار اور شیڈول سے متعلق مزید تفصیلات بھی جاری کی جائیں گی۔
Share this content:


