پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلندری میں دیوان گوراہ کے مقام پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے پروگرام کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی اور جے یو آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگئی ، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کے مطابق وہ جے یو آئی کے پروگرام کے خلاف پرامن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے تھے کہ اسی دوران جے یو آئی کے کارکنوں نے مبینہ طور پر لاٹھیوں اور چاقوؤں سے حملہ کیا۔ کمیٹی کے نمائندوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں احتجاج سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا گیا۔
تصادم کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی مراکزِ صحت منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لیا۔ پولیس نے دونوں گروہوں کے بیانات قلم بند کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی حلقوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
Share this content:


