مظفرآباد: سموٹھ میں بادل پھٹنے سے سیلابی ریلہ، گھروں، مسجد، اسکول اور فصلوں کو نقصان

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے یونین کونسل سرلی سرچہ کے گاؤں سموٹھ میں 10 مئی 2026 کی رات تقریباً 10 بجے بادل پھٹنے کے باعث شدید سیلابی ریلہ آ گیا، جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے کھڑی فصلوں، رابطہ سڑکوں اور مقامی انفراسٹرکچر کو بری طرح متاثر کیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ آٹھ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ دو دکانیں، ایک مسجد اور مقامی پرائمری اسکول بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ کر جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق متاثرہ علاقے میں تاحال ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ حکام امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کے جائزے کے لیے نہیں پہنچے، جس پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ علاقہ مکینوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری امداد، متاثرین کے لیے معاوضے اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ اس سے قبل سال 2024 میں مون سون کے دوران بھی اسی گاؤں سموٹھ میں کلاوڈ برسٹ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا تھا، جبکہ سال 2025 میں بھی یونین کونسل سرلی سرچہ کے مختلف علاقوں میں بادل پھٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

مقامی شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مستقل حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں مزید جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Share this content: