مظفرآباد: شہدائے عوامی حقوق تحریک کی یاد میں جلسہ عام، 9 جون لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے شہدائے عوامی حقوق تحریک کی یاد میں ایک جلسہ عام منعقد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جلسے میں پاکستان زیر انتظام کشمیر کے مختلف اضلاع سے ایکشن کمیٹی کے کارکنان اور کور ممبران بھی شریک ہوئے۔

جلسے کے دوران مقررین نے 9 جون کو اعلان کردہ لانگ مارچ کے حوالے سے تقاریر کرتے ہوئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

کور ممبران کا کہنا تھا کہ خطے کی سیاسی اشرافیہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ چھ معاہدے کر چکی ہے، تاہم اب تک ان معاہدوں پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

مقررین نے حالیہ دنوں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب حکومت مذاکرات کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب مبینہ طور پر واقعے میں ملوث افراد کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے ہی وزیر امور کشمیر امیر مقام کے ساتھ مذاکرات کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ 13 مئی 2024 کو JAAC کے لانگ مارچ کے دوران مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے تین شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

واقعے کے بعد ایکشن کمیٹی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ اگرچہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی کر دی گئی تھی، لیکن نہ تو جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جا سکا اور نہ ہی واقعے کی تحقیقات مکمل ہو سکیں۔

Share this content: