پاکستانی کشمیر میں پی ٹی آئی کی رجسٹریشن درخواست مسترد

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں عام انتخابات 2026 سے قبل ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد جموں و کشمیر کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ کمیشن نے فیصلہ مالیاتی ریکارڈ اور قانونی تقاضے پورے نہ ہونے کی بنیاد پر سنایا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی آئی کشمیر نے عدالتِ عالیہ کے فیصلے ’’وحید اشرف و دیگر بنام الیکشن کمیشن و دیگر‘‘ اور متعلقہ انتخابی قوانین کے تحت رجسٹریشن کے لیے درخواست جمع کروائی تھی۔ درخواست موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے جماعت کے مالیاتی معاملات اور اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے لیے ایک آڈٹ افسر مقرر کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ پی ٹی آئی کشمیر کی جانب سے جمع کروائی گئی مالیاتی تفصیلات الیکشن رولز کے رول 121 کے تقاضوں پر پوری نہیں اترتیں۔ رپورٹ میں اکاؤنٹس اور مالیاتی ریکارڈ سے متعلق مختلف اعتراضات سامنے آئے، جس کے بعد معاملہ دوبارہ جائزے کے لیے آڈٹ افسر کو بھجوایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ازسرِنو جانچ پڑتال کے باوجود رول 121 کی خلاف ورزی اور اکاؤنٹس سے متعلق اعتراضات برقرار رہے۔ بعد ازاں جماعت کے نمائندوں اور وکلا کو ذاتی سماعت کا مکمل موقع فراہم کیا گیا تاکہ وہ اپنے مؤقف اور دستاویزات پیش کر سکیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ فریقین کے دلائل، دستیاب ریکارڈ اور آڈٹ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ درخواست گزار جماعت رجسٹریشن کے لیے درکار قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی۔ اسی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف کشمیر کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا گیا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں مزید واضح کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور نگرانی آئین اور قانون کے مطابق شفافیت، مساوات اور قانونی اصولوں کی بنیاد پر کی جاتی ہے، اور کسی بھی جماعت کو رجسٹریشن کے لیے مقررہ قانونی شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔

Share this content: