باجوڑ میں پولیو مہم پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ ، 2 اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آئے ہیں جن میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) باجوڑ محمد خالد خان نے ان واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس اہلکار سید عزیز کو تحصیل سلارزئی کے علاقے ڈاگ قلعہ جبکہ سید قادر کو تبئی کے مقام پر پولیو ڈیوٹی سے واپسی پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق ان واقعات کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پولیو مہم کا پہلا روز تھا جو کہ 24 مئی تک جاری رہے گی اور اس کے لیے ضلع باجوڑ میں 1500 سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔

بعد ازاں دونوں اہلکاروں کی نماز جنازہ باجوڑ پولیس لائن گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے باجوڑ میں پولیو ٹیموں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس نے ان حملوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

Share this content: