طلبہ یونین الیکشن : آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کی بندش سے طلبہ کا نیا شیڈول جاری کرنے کا اعلان

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی سب سے بڑی درسگاہ یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر میں طلبہ یونین انتخابات کے معاملے پر صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ جامعہ انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کو 22 مئی تک بند کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کے اجرا کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جبکہ دوسری جانب طلبہ نے واضح کیا ہے کہ یونین انتخابات ہر صورت منعقد کیے جائیں گے۔

طلبہ رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ طلبہ یونین کے انتخابات 19 مئی کو ہونا تھے، تاہم انتظامیہ نے جامعہ کو تالے لگا کر کیمپس بند کر دیا۔ طلبہ کے مطابق انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں مکمل تھیں اور مختلف طلبہ گروپ انتخابی مہم بھی چلا رہے تھے۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی جامعہ دوبارہ کھولی جائے گی، انتخابات کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ یونین بحالی محض ایک انتخابی سرگرمی نہیں بلکہ طلبہ کے جمہوری اور نمائندہ حقوق کی جدوجہد ہے، جسے کسی صورت روکا نہیں جا سکتا۔

یاد رہے کہ جامعہ کشمیر میں چار دہائیوں بعد طلبہ یونین انتخابات کے انعقاد کی کوششوں نے حالیہ دنوں میں سیاسی اور تعلیمی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ مختلف طلبہ تنظیموں اور گروپوں کی جانب سے اس عمل کو طلبہ سیاست کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور انتظامی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے جامعہ بند کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

تاحال جامعہ انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے تازہ مؤقف پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

Share this content: