وائے جے ایف کا غازی ملت پریس کلب کے مطالبات کی حمایت کا اعلان

راولاکوٹ/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ینگ جرنلسٹس فورم نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور حکومت کو اپنے وعدے یاد دلاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ راولاکوٹ کے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے فوری اقدامات کئے جائیںتاکہ آزادکشمیر بھر میں صحافیوں کے اندر پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔

غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے نام سے منسوب اس پریس کلب کو نظر انداز کرنا حکومت کی پونچھ دشمنی کے مترادف ہے ، حکومت کئے وعدوں کے مطابق فوری طور پر غازی ملت پریس کلب کی عمارت کی تعمیر کو یقینی بنائے ، دیگر اضلاع کی طرح جرنلسٹس کالونی کا قیام عمل میں لایا جائے اور محکمہ اطلاعات پونچھ ڈویژن کے سلب شدہ مالیاتی و انتظامی اختیارات بحال کرکے اسے مکمل طور پر فعال کیا جائے۔

راولاکوٹ کے صحافیوں نے حکومت کی سردمہری کے باعث احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا جس کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں اور غازی ملت پریس کلب کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ کھڑے ہیں ، اگر حکومت نے اس جانب توجہ نہ دی تو نہ صرف پریس کلب کی احتجاجی تحریک میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے بلکہ وائے جے ایف بھی اس تحریک کو آزادکشمیر بھر میں وسعت دے گی ۔

وائے جے ایف پونچھ کےاجلاس میں کہا گیا کہ مظفرآباد اور میرپور کی طرح پونچھ کو بھی مساوی حقوق دئے جائیں اوربنیادی مسائل حل کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ، حکومت نے ہمیشہ صرف زبانی جمع خرچ پراکتفاکیااورعملی اقدامات سے گریزکیاجس کی وجہ سے صحافیوں میں شدیدتشویش پائی جاتی ہے۔

وائے جے ایف نے پونچھ ڈویژن کی تمام سیاسی قیادت ، ٹریڈ یونینز اور سرکردہ شخصیات سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی اس ضمن میں آواز بلند کریں کیونکہ پونچھ کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر راولاکوٹ کا پریس کلب صرف صحافیوں کا ہی نہیں بلکہ سب کا مشترکہ ادارہ ہے اور یہ ادارہ جس قدر مضبوط ہو گا اسی قدر اس خطہ میں بسنے والے ہر فرد کی نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔

Share this content: