بلوچستان میں ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر مسلح افراد کے ہاتھوں لاپتہ

بلوچستان کی مقامی میڈیا نے خبر بریک کی ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں پاکستانی وزارتِ دفاع (MoD) کے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور کمانڈنگ آفیسر وسیم احمد کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچ عسکریت پسندوں نے انہیں قلات کے قریب ایک شاہراہ پر ایک ناکہ بندکارروائی کے دوران روکا، جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گئے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم احمد سرکاری ڈیوٹی کے سلسلے میں سفر کر رہے تھے۔

کہا جارہا ہے کہ مذکورہ افسر کو ناکہ بندی کے دوران بلوچ عسکریت پسند شناخت کے بعد اپنے ہمراہ لے گئے۔ تاہم اس بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

پاکستانی حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اور نہ ہی وسیم احمد کی گمشدگی کی سرکاری سطح پر تصدیق کی گئی ہے۔

واقعے نے بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی حساس نوعیت کے باعث متعلقہ ادارے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

اب تک واقعہ کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔

Share this content: