ایمان مزاری اور ہادی علی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت، ریاستی فریق کو یکم جون کی نوٹس جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ میں انسانی حقوق کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں کی جلد سماعت سے متعلق مختلف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ریاستی فریق کو یکم جون کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

بدھ کے روز ہونے والی سماعت کے دوران وکیل فیصل صدیقی نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کو عید الاضحیٰ سے قبل پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ درخواست گزاروں کی اپیلوں پر جلد پیش رفت ممکن ہو سکے۔ تاہم جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پیر عید سے قبل آخری ورکنگ ڈے ہے، اس لیے اس روز کیس مقرر کرنا ممکن نہیں۔

عدالت کی جانب سے سماعت یکم جون تک ملتوی کیے جانے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ ایک اور عید اڈیالہ جیل میں گزاریں گے۔ انسانی حقوق کے حلقوں اور وکلا برادری کی جانب سے اس پیش رفت کو تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے۔

واضح رہے کہ دونوں وکلا کی جانب سے سزا معطلی اور جلد سماعت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں تاکہ اپیلوں کے فیصلے تک انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Share this content: