حکومتی پالیسیوں کے خلاف محکمہ صحت ملازمین کا عید کے روز احتجاجی مظاہرہ

مظفرآباد /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے محکمہ صحت کے ملازمین نے حکومتی پالیسیوں اور اپنے مطالبات کے حق میں عید الاضحیٰ کی نماز کے فوری بعد احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین اپنے اہلِ خانہ اور چھوٹے بچوں کے ہمراہ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے مسائل طویل عرصے سے حل طلب ہیں مگر حکومت کی جانب سے مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث انہیں عید جیسے خوشی کے موقع پر بھی احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے جائز مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

دوسری جانب شہری حلقوں نے عید کے روز ملازمین کے احتجاج کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: