راولاکوٹ: شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پانچویں روز میں داخل، مظفرآباد مارچ سے متعلق فیصلہ آج متوقع

راولاکوٹ /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر جاری احتجاج، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہو گئی۔ مختلف علاقوں سے آنے والے مظاہرین کی بڑی تعداد راولاکوٹ شہر کے داخلی راستوں پر موجود ہے، جبکہ شہر کے چاروں اطراف ناکہ بندی برقرار ہے۔

احتجاجی شرکاء کی جانب سے مظفرآباد کی طرف پیش قدمی کے حوالے سے کور کمیٹی کا اہم فیصلہ آج متوقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق علی الصبح نمازِ فجر کی ادائیگی کے لیے جانے والے مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی نمازِ جنازہ عیدگاہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں احتجاجی مارچ کے شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جانی نقصان کے باوجود عوام کی بڑی تعداد بدستور سڑکوں پر موجود ہے اور احتجاج جاری رہے گا۔

دوسری جانب راولاکوٹ شہر میں کرفیو نافذ ہے اور متعدد علاقوں میں نقل و حرکت محدود بتائی جا رہی ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران نے شرکاء کو ہدایت کی ہے کہ اگلے لائحہ عمل کے اعلان تک کرفیو والے علاقوں میں داخل ہونے سے گریز کیا جائے۔ علاقے کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے جبکہ عوام اور انتظامیہ کی نظریں کور کمیٹی کے آئندہ فیصلے پر مرکوز ہیں۔

Share this content: