پاکستان زیرِ انتظام کشمیر میں پاکستانی فورسز کی قتل عام میں ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی

راولاکوٹ / کاشگل نیوز

پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری احتجاجی تحریک، شٹر ڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال اور حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 24 تک کنفرم ہو گئی ہے۔

مختلف ذرائع اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی فورسز کی نہتے مظاہرین پر ہونے والے فائرنگ کے نتیجے میں قتل ہونے والوں میں 20 عام شہری اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے حامی شامل ہیں جبکہ 4 اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں زیرِ گردش تصاویر میں ان افراد کو ’’شہدائے کشمیر‘‘ قرار دیا جا رہا ہے جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ حالیہ احتجاجی واقعات، جھڑپوں اور فورسز کی کارروائیوں کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ احتجاجی قیادت اور انسانی حقوق کے حلقے ان ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ حکومتی مؤقف کے مطابق بعض مقامات پر احتجاج پرتشدد صورت اختیار کر گیا تھا جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے خطے میں جاری گرفتاریوں، چھاپوں اور مواصلاتی پابندیوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جموں و کشمیر بھر میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں جبکہ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔

ادھر مختلف قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

Share this content: