کشمیر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پندرہویں روز بھی جاری، عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج برقرار

راولاکوٹ / کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر جاری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پندرہویں روز بھی جاری رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر رہے جبکہ مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے اور مظاہرے بھی جاری ہیں۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر سردار عمر نذیر کشمیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن 8 محرم الحرام کو ختم ہو رہی ہے، تاہم مطالبات کے حوالے سے تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ ظلم، جبر اور استحصال کے خلاف عوامی آواز ہمیشہ بلند ہوتی رہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ آواز مزید منظم اور مضبوط ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور موجودہ تحریک بھی اسی جدوجہد کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق وہ لوگ جو محرومیوں کا احساس رکھتے ہیں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا عزم رکھتے ہیں، انہیں کسی بھی قسم کی رکاوٹ اپنے مقصد سے نہیں ہٹا سکتی۔

سردار عمر نذیر کشمیری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری رکھیں، احتجاجی دھرنوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے مطالبات کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کا حصہ بنے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق اور انصاف کی خاطر دی جانے والی قربانیاں تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔

Share this content: